شہریوں کی جانب سے منشاء بم اور قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کا انبار لگانے پر نگران وزیر اعلٰی نے منشاء بم اور دیگر قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا
لاہور (نیوز ڈیسک ) لاہور میں قبضہ گروپوں کیخلاف کریک ڈاون، منشاء بم کو گرفتار کر لیا گیا، شہریوں کی جانب سے منشاء بم اور قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کا انبار لگانے پر نگران وزیر اعلٰی نے منشاء بم اور دیگر قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے بدھ کے روز لاہور میں قبضہ مافیا کے طور پر بدنام منشاء بم کو گرفتار کر لیا گیا، منشاء بم کو وزیر اعلٰی کے حکم پر خصوصی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ نگران وزیر اعلٰی پنجابب محسن نقوی کے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کے دورہ کے موقع پر بعض سائلین نے منشاء بم اور قبضہ مافیا کے خلاف وزیراعلیٰ سے شکایات کیں، محسن نقوی نے متاثرہ شہریوں کو کمیٹی روم میں بلایا اور ہر ایک کے مسئلے کو خود سنا، متاثرہ شہریوں نےمنشاء بم و قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری ایکشن لینے کے لیے سی سی پی او لاہور کو ایل ڈی اے آفس بلایا اور فی الفور منشاء بم اور دیگر قبضہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ متاثرین کو حق دلوائیں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہو گی، منشاء بم اور اس طرح کے دیگر قبضہ مافیا سے قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن ہو گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ایل ڈی اے کے پورے سسٹم کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا پلان بھی طلب کر لیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے کو ڈیجیٹل کرنا وقت کی ضرورت ہے، ون ونڈو سیل میں بہتری آئی ہے تاہم اس سے بھی کم وقت میں شہریوں کو دستاویزات ملنی چاہئیں۔