چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں ہو گی

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں ہو گی۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کیس کی سماعت کرنے اٹک جیل جائیں گے، وزارت قانون نے اٹک جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی کا اٹک جیل میں ٹرائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 10 نامزد مقدمات میں گناہگار قرار دے دیا ہے، سابق وزیر اعظم کیخلاف مرکزی مقدمہ 96/23 کا چالان دو ہزار صفحات پر مشتمل ہے اور سوشل میڈیا سے متعلق 4 سو سے زائد شواہد ملے۔

گرفتار ملزمان کے بیانات اور نشاندہی پر چیئرمین پی ٹی آئی کو گناہگار قرار دیا گیا ہے، جناح ہاؤس حملے میں براہ راست ملوث 80 ملزمان کے بیانات میں سازش کا عنصر واضح ہوا، 9 مئی کے واقعات پر براہ راست سازش کے شواہد بھی دوران تفتیش ملے۔

جے آئی ٹی حکام کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے بیانات حالات سے متضاد پائے گئے، دیگر 9 مقدمات میں بھی ٹھوس شواہد کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی گناہگار قرار پائے، 14 مقدمات کا چالان جلد عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔