کولمبو: (سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ کا دوسرا پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ بھی بارش سے متاثر ہو گیا جس کے بعد میچ کو ریزرو ڈے تک ملتوی کیا گیا ہے، میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے دوبارہ شروع ہو گا۔
ایشیا کپ سپر 4 مرحلے کے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اہم اور بڑے میچ کے دوران ایک مرتبہ پھر اس وقت بارش شروع ہو گئی جب بھارت کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 25 ویں اوور کی پہلی بال پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا چکی تھی۔
امپائرز نے کئی بار گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن گراؤنڈ کی کنڈیشن بہتر نہ ہونے پر میچ کو ریزرو ڈے تک ملتوی کر دیا گیا، میچ آج وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے روکا گیا تھا، آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی اوپنرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 121 رنز کا آغاز فراہم کیا، شبمن گل 58 اور روہت شرما 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شبمن گل کو میچ میں دو چانس بھی ملے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ باؤلنگ کا فیصلہ پچ دیکھ کر کیا ہے، آج کے میچ پر فوکس ہے، ہماری ٹیم اچھا کھیل رہی ہے۔
دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی کہ بڑا ٹوٹل بنائیں، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کے ایل راہول اور جسپریت بمرا کی واپسی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم 3 فاسٹ باؤلرز اور 3 سپنرز کے ساتھ گراؤنڈ میں اتری ہے، فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو فہیم اشرف سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ سپنرز میں شاداب خان، افتخار احمد اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
بیٹنگ کے شعبہ میں ٹاپ آرڈر میں فخر زمان، امام الحق اور کپتان بابراعظم ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنانے کی کوشش کریں گے، محمد رضوان وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔