لاہور: (نیوز ڈیسک) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو ٹریک جنازگاہ کے قریب میٹرو بس کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں، ویڈا کمپنی کی میٹرو بس نمبر 16 کے حادثے کی ذمہ داری ڈرائیور پر ڈال دی گئی۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا، پی ایم اے نے مجرمانہ غفلت برتنے پر ڈرائیور کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا، ویڈا کمپنی کے ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔
بس کے نقصانات کی بھی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی، حادثے کے سبب میٹرو بس کی ونڈ سکرین، سائیڈ شیشہ اور انجن متاثر ہوا، میٹرو بس کا داخلی دروازہ، فرنٹ پلر اور باڈی بھی متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ ماضی میں شاہدرہ سے گجومتہ کی جانب جانے والی اسی بس کا نشتر ٹاؤن سٹیشن پر حادثہ ہوا تھا، 16 اپریل کو ویڈا کمپنی کی بس نمبر 16 میٹرو ٹریک پر تیز رفتاری کے سبب سٹیشن سے ملحقہ جنریٹر سے ٹکرا گئی تھی۔
حادثے کے نتیجے میں بس کی ونڈ سکرین کو شدید نقصان پہنچا تھا، میٹرو بس کی باڈی اور بمپر کو بھی حادثے کے نتیجے میں نقصان پہنچا تھا، میٹرو بس ٹکرانے سے سٹیشن کے ملحقہ جنگلے کی باڈی کو بھی نقصان پہنچا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے 16 اپریل کو ہونے والے میٹرو بس حادثے کی تحقیقات بھی کی تھیں۔