نگران حکومت کا ڈالر اور اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کیلئے بڑے اقدامات کا فیصلہ

تاجر، بلڈرز، صنعتکار، ٹیکس چوری، حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل، سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے قریبی ساتھی بھی شامل، اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی۔ذرائع ایف آئی اے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگران حکومت نے ڈالر اور اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کیلئے بڑے اقدامات اٹھا لئے، تمام ایئرپورٹس پر امیگریشن عملے کو اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو روکنے کی ہدایت کردی گئی، تاجر ، بلڈرز ، صنعتکار، ٹیکس چوری، حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی، ابتدائی طور پر اسٹاپ لسٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کے معاونین کے نام بھی شامل ہیں، سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے قریبی ساتھی اور افسران بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں۔
سابق حکومتوں میں شامل شخصیات اور افسران کے نام بھی شامل ہیں۔ اسٹاپ لسٹ میں تاجر ، بلڈرز، صنعتکاروں کے نام بھی شامل، بدعنوانی، ٹیکس چوری، حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں شامل شخصیات کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کرلئے گئے۔
کرنسی، چینی اور پیٹرول کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کرلئے گئے۔ سیاسی جماعت کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ، تمام ایئرپورٹس پر امیگریشن عملے کو اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو روکنے کی ہدایت کردی گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق نگران حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کو امریکی ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اختیارات تفویض کردئیے ۔ نگران وزیرِ داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد ایف آئی اے کو کارروائیوں کے احکامات جاری کیے گئے جس کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی کی تمام ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کارروائی کرسکے گی۔
اس کے علاوہ تمام زونل ڈائریکٹر کو روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ فارم کے ذریعے تفصیلات ہیڈ کوارٹر کو دینے کا حکم دیا گیا ہے جس کے تحت ایف آئی اے کے تمام زونل ڈائریکٹرز روزانہ کی بنیاد پر صبح 10 بجے رپورٹ بھیجیں گے۔ دوسری جانب اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے اینٹی منی لانڈرنگ ڈائریکٹوریٹ سے انسپکٹر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جب کہ ایف آئی اے کے تمام زونل ڈائریکٹرز کو بھی ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔