کالاش میں 2 چوکیوں پر بڑا حملہ، 4 جوان شہید، 12 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے کالاش میں دو چوکیوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقہ کالاش میں 2 چوکیوں پر حملہ کیا، بہادر جوانوں نے حملہ کا بہت موثر جواب دیا، جس کے باعث دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، بہت زیادہ تعداد میں دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان وطن پر قربان ہوگئے، علاقہ میں دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کا آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افعانستان کے کنڑ اور نورستان صوبوں کے علاقوں گاوردیش، پیتگل، برغ میتل اور بٹش میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، افعانستان کی عبوری حکومت کو دہشت گردوں کی نقل و حرکت سے آگا ہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اُمید ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان حکومت دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو اور مضبوط بناتی ہیں۔