چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل،4 ہزار سے زائد اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی ہے،آر پی او سید خرم علی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر(آر پی او) سید خرم علی نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کرتے ہوئے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے،شہر میں ٹریفک بحالی کے لئے 250ٹریفک اہلکار جلوس کے راستوں پر تعینات کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، جلوس کے انٹری پوائنٹ پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے،جلوس میں آنے والے شرکاء کو جسمانی تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی،جلوس کی سکیورٹی کیلئے روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔

بدھ کو آر پی او راولپنڈی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چہلم جلوس کے روٹ پر گلیوں،سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیاجائیگا،راولپنڈی پولیس فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

جبکہ میونسپل کارپوریشن بشمول کنٹونمنٹ میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیںگے جسکا نوٹیفکیشن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے