ضلعی نظامت تعلیمات کے دفتر میں مکمل تالہ بندی،شہر کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس(اگیگا) کی کال پرپنشن رولزاورلیو انکیشمنٹ میں ترمیم کیخلاف راولپنڈی میں سرکاری ملازمین نے منگل کے روز شدید احتجاج کیا اس موقع ضلعی نظامت تعلیمات کے دفتر میں مکمل تالہ بندی کے ساتھ شہر کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں
اس موقع پراگیگا کی کال پر گارڈن کالج سے ایجوکیشن آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی میں اساتذہ، کلریکل سٹاف اور ضلع راولپنڈی کے سرکاری ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی
ریلی میں محکمہ تعلیم، صحت، واسا، میونسپل کارپوریشن و دیگر محکموں کے ملازمین شریک ہوئے ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز اورکتبے اٹھا رکھے تھے جبکہ ریلی کے شرکا پنجاب کی نگران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے اگیگا کی قیادت نے واضح کیا کہ پنشن رولز میں ترمیم کسی صورت قبول نہیں کرینگے حکومت فی الفور یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے اورلِیو کیشمنٹ بنیادی تنخواہ کی بجائے جاری تنخواہ پر دیا جائے، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر ظالمانہ کٹ واپس لیا جائے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مطالبات تسلیم نہ کئے تو پنجاب بھر میںشدید احتجاج کیا جائے گا