سندھ رینجرز کا مضبوط مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ،غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی،زمینوں پر قبضوں میں ملوث سسٹم کے خلاف بھی لسٹیں تیار،داخلی و خارجی راستوں پر اسمگلنگ کو روکا جائے گا۔عسکری حکام نے ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی میں ہائیڈرنٹ مافیا ،ایرانی ڈیزل کے اسمگلرز ، اور لینڈ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ ہو گیا۔ اعلی عسکری حکام نے رینجرز سندھ کو کراچی میں بڑے آپریشن کا حکم دے دیا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے مضبوط مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔عسکری حکام کی جانب سے رینجرز کو خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
رینجرز نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھی آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔اسٹریٹ کرائم سے نمٹنے کے لیے بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔سندھ رینجرز کی جانب سے مرطوط حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔بڑی تعداد میں عوامی شکایات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
زمینوں پر قبضوں میں ملوث سسٹم کے خلاف بھی لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔

غیر قانونی ہائیڈرنٹ چلانے والوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ ہو گا۔رینجرز کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں پر اسمگلنگ کو روکا جائے گا۔خیال رہے کہ حال ہی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کراچی کے تاجروں نے ملاقات کی تھی۔سینئر صحافی کامران خان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کراچی میں تقریباً 50 کاروباری شخصیات نے پانچ گھنٹہ طویل ملاقات کی جس میں معیشت بچاؤ انقلابی مشن اور اسکو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
کامران خان کے بقول ملک سے ٹیکس چوری،نان فائلر نظام،اسمگلنگ اور سندھ میں کرپٹ “سسٹم” کا خاتمہ ہو گا،ڈالرائزیشن،ایران سے تیل کی اسمگلنگ اور افغانستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ اسمگلنگ کا خاتمہ کیا جائے گا۔ چھ ماہ میں قومی کارپوریشنز کو سدھارا جائے گا،جبکہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں سمیت غیر ملکی شہریوں کو واپس بھیجا جائے گا۔