موبائل اندر کی جیب میں رکھیں تاکہ چوری نہ ہو، اسٹریٹ کرائمز پر وزیرداخلہ سندھ کا مشورہ

غلط کام کرنے والےکیلئےکوئی رعایت نہیں ہے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات کر رہے ہیں، نگراں وزیرداخلہ سندھ حارث نواز کی گفتگو

کراچی (نیوز ڈیسک) نگراں وزیرداخلہ سندھ حارث نواز نے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر عوام کو مشورہ دیا ہے کہ موبائل اندر کی جیب میں رکھیں تاکہ چوری نہ ہو۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلط کام کرنے والےکیلئےکوئی رعایت نہیں ہے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلشن حدید واقعےکی تحقیقات کرائیں گے کوئی سیاسی دباؤ نہیں لیں گے کارروائی کی جائےگی، کچےکے آپریشن اوراسٹریٹ کرائم پر کوئی کمپرومائیز نہیں جہاں جہاں ہاٹ اسپاٹ ہیں وہاں کارروائی ہو گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کےخلاف سخت کارروائی کریں گے گٹکےکی فیکٹریاں جہاں بھی ہوں کارروائی کریں گے، گھوٹکی، کشمور،جیکب آبادمیں آپریشن کریں گے اور کاروباری طبقےکوتحفظ دیں گے۔
حارث نواز نے کہا کہ دشمن 24گھنٹے اس کوشش میں ہوتا ہےکہ ہماری کمزوری سے فائدہ اٹھائے کرسچن کمیونٹی کے ساتھ جڑانوالہ واقعہ ہوا ایسےکئی واقعات کرانےکی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو بھی غلط بات یا کام کرے گا اس کوسزادی جائے گی۔

خیال رہے کہ شہر قائد میں رواں سال کے 7 ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 80 سے زائد شہریوں کو قتل کردیا گیا جبکہ 16 ہزارسے زائد شہری موبائل فون سے محروم ہوگئے۔ کراچی میں شہری لیٹروں کے رحم وکرم پر ہے، رواں سال کے 7 ماہ کراچی میں ہونیوالے جرائم کے اعدادو شمار جاری کردیئے گئے۔جس میں بتایا کہ رواں سال اب تک 52 ہزارسے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں ، یکم جنوری سے 31 جولائی تک 16 ہزار 207 موبائل فون چھینے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 7ماہ میں 33 ہزار 798 موٹرسائیکلیں اور ایک ہزار296کاریں چوری یا چھینی گئیں جبکہ اسی عرصے میں 80 سے زائد شہریوں کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مجموعی طورپر 359 کے قریب شہری مختلف واقعات میں قتل ہوئے جبکہ سیکڑوں شہری ڈکیتی مزاحمت کےدوران زخمی ہوکراسپتال پہنچ گئے۔صرف جولائی میں ڈکیتی،، رہزنی اوردیگروارداتوں میں مزاحمت کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے انسٹھ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔