ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں رواں سال کے دوران ضلع راولپنڈی میں اب 221 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 176 ڈینگی مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں میں جا چکے ہیں ضلع راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں 54 ڈینگی کے مریض موجود ہے جن کو مکمل علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ناممکن ہے موجودہ سیزن ڈینگی کے حوالے سے بہت اہم ہے شہریوں کو چاہیے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خود کو ڈینگی سے بچائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسل کو فوکس کرکے اور ایس او پیز کے مطابق آئی آر ایس سپرے اور فوکنگ کی جائے اور ان متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز، فوکل پرسن ڈاکٹر احسان، ڈی ایچ اوز، انٹامالوجسٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ماہ اگست کے دوران ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 57 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج اور 61 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا رواں سال کے دوران 2 ہزار 113 ایف آئی آر، 457 کمرشل اور زیر تعمیر عمارات کو سیل، 692 کے چالان جبکہ 33 لاکھ 53 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد جرمانہ یا گرفتار کرنا نہیں بلکہ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔