لاہور: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے صدر تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہٰی کو 3 ایم پی او کے تحت اسلام آباد پولیس نے ظہور الہٰی روڈ سے گرفتار کیا، وفاقی پولیس چودھری پرویز الہٰی کو گرفتار کرکے اسلام آباد روانہ ہوگئی۔
لطیف کھوسہ کے ساتھ ناروا سلوک اور چودھری پرویز الہی کو عدالتی حکم کے باوجود جس انداز میں گرفتار کیا گیا یہ افسوسناک مناظر ہیں pic.twitter.com/UGOc3ng54n
— PTI GOJRA (@PTI_Gojra) September 1, 2023
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اسلام آباد منتقلی خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جا رہی ہے، چودھری پرویز الہٰی کو اڈالہ جیل میں 3 ایم پی او کے تحت بند کیا جائے گا۔
وکلا کا توہین عدالت اور حبس بے جا کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے بعد وکلا کی بڑی تعداد لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئی، سابق وزیراعلیٰ کے وکلا جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں جمع ہو گئے، وکلا توہین عدالت اور حبس بے جا کی درخواست دائر کریں گے۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی نیب گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے نیب کو چودھری پرویز الہٰی کو ایک گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کو رہا کرنے اور مزید کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔
پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے نیب اور پولیس اہلکاروں کی ہاتھا پائی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کے معاملے پر نیب اور پولیس اہلکار گتھم گتھا ہوگئے۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم ملنے کے بعد نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دوبارہ گرفتار کرنے سے انکار کر دیا جبکہ پولیس افسران پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کیلئے نیب ٹیم کی منت سماجت کرتے رہے۔
اس موقع پر نیب کی جانب سے انکار پر پولیس اور نیب کے اہلکار آپس میں الجھ پڑے، نیب آفیسر کا کہنا تھا کہ پولیس کی وجہ سے گالیاں ہم نہیں سن سکتے۔
بعد ازاں نیب آفیسر کی ہدایت پر نیب ٹیم کے افسران و اہلکار لاہور ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے۔