صحت کارڈ پر کئی امراض کے علاج کیلئے مریضوں کو اب جیب سے پیسے ادا کرنا ہوں گے

پنجاب بھر میں صحت کارڈ پر آنکھوں کے مفت آپریشن کی سہولت بھی ختم کر دی گئی، فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہو گا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) صحت کارڈ پر کئی امراض کے علاج کیلئے مریضوں کو اب جیب سے پیسے ادا کرنا ہوں گے، پنجاب بھر میں صحت کارڈ پر آنکھوں کے مفت آپریشن کی سہولت بھی ختم کر دی گئی، فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں صحت کارڈ پر آنکھوں کا آپریشن بند کردیا گیا، ہرنیا، اپینڈکس، پتے کی پتھری کے آپریشن کے مریضوں اور پروسٹیٹ، بچے دانی کے آپریشن پر بھی مریضوں کو 30 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے پنجاب بھر میں آنکھوں کے آپریشن کرنے والے ہسپتالوں کو آپریشن بند ہونے سے متعلق آگاہ کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر موتیا کے آپریشن نہیں ہوں گے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہرنیا، اپینڈکس، پتے کی پتھری کے آپریشن کے مریضوں اور پروسٹیٹ، بچے دانی کے آپریشن پر بھی مریضوں کو 30 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔

انشورنس کمپنی کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔ اس سے قبل نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ صحت سہولت پروگرام میں قباحتوں کو دور کرکے اس کے ثمرات اصل حق داروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحت سہولت پروگرام میں من پسند نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریز کو نوازا گیا۔
ہمارے لئے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ہیلتھ پروفیشنلز کا تحفظ بھی اہم ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاوید اکرم نے مزیدکہاکہ ہیلتھ پروفیشنلز کو ہیلتھ پروفیشنلز الاؤنس دے رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ پروفیشنلز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی آرڈیننس لا رہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے بتایا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو صحت سہولت پروگرام کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ پنجاب میں گزشتہ حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی نا مکمل تعمیر کو مکمل کروا رہے ہیں۔پنجاب کے تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔