ایف بی آر نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کو مراسلہ لکھ دیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایف بی آر نے پی آئی اے کی اعلی انتظامیہ کے منی لانڈرنگ، کرپشن چھپانے سمیت سنگین مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ اس حوالے سے تحقیقات کرنے اور پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کیلئے ایف بی آر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق سنگین مالی بے قاعدگیوں میں پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر اور جنرل منیجر اکاؤنٹنگ ملوث ہیں۔
ایف بی آر نے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ پر منی لانڈرنگ، کرپشن کو چھپانے اور فارن ایکسچینج ریگولیشن کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ایف آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے کراچی زون ون کے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 ہزار 845 ملین روپے کی نادہندہ ہے جبکہ مبینہ طور پر سرکاری فنڈز کے خورد برد میں بھی ملوث ہے۔
ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر مزید کارروائی کرتے ہوئے مختلف بینکوں میں موجود پی آئی اے کے 23 اکاؤنٹ بھی منجمد کر دییے ہیں۔ حکام کے مطابق مسافروں سے ڈیوٹی کی رقم کاٹنے کے باوجود جمع نہ کرانے پر پی آئی اے حکام کے خلاف ایف آئی آر اندراج کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ پچھلے ماہ بھی اکاؤنٹس منجمد ہونے کے بعد کھولے گئے لیکن فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع نہیں کرائی گئی۔ ایف بی آر نے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ پر منی لانڈرنگ، کرپشن کو چھپانے اور فارن ایکسچینج ریگولیشن کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ایف آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔