نگران حکومت نے بجلی بلوں کے ستائے عوام پر پٹرول بم گرا دیا

اس سال عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصول کئے جائیں گے، نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر پٹرول اور ڈیزل پر لیوی بڑھا دی

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نگران حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی شرح میں اضافہ کر دیا۔

نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر عمل کرتے ہوئے پٹرول پر ڈیولپمنٹ لیوی بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کر دی ہے، اسی طرح ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر کے حساب سے پٹرولیم لیوی کر دی گئی ہے۔

اس سال عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی بڑھانے کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 18.44 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا، پٹرول 14.91 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 18.44 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا۔

حکومت کی طرف سے اعلان کردہ نئی قیمتیں اگلے 15 روز تک لاگو رہیں گی اور قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 290.45 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 305.36 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 293.40 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 311.84 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔