شیر کا مالک گارڈن کا رہائشی ہے ، مالک کا کہنا ہے کہ شیر بیمار تھا، علاج کیلئے ڈاکٹر کے پاس لے کر جارہے تھے۔ ایس ایس پی پولیس
کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں شارع فیصل پر آنے والے شیر کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی پولیس کے مطابق شیر کے مالک کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کرلیا ، مالک کا کہنا ہے کہ شیر بیمار تھا، علاج کیلئے ڈاکٹر کے پاس لے کر جارہے تھے۔ یاد رہے کراچی میں شارع فیصل پر منتقلی کے دوران عائشہ باوانی کالج کے قریب شیر گاڑی سے نکل کر سڑک پر آگیا، شیر ٹہلتا ہوا ایک عمارت کی پارکنگ میں داخل ہوا، جس سے خوف وہراس کے باعث لوگوں میں کھلبلی مچ گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی لوگوں کا بھی شیر کو دیکھنے کیلئے رش لگ گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں منتقل کیا جانے والا شیر باہر سڑک پر نکل آیا ، پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، شیر کے مالک سے رابطہ ہوگیا ہے مالک کو کہا ہے کہ شیر کو قابو کریں، پالتو شیر کو مالک آسانی سے قابو کرسکتا ہے۔
سربراہ محکمہ وائلڈ لائف جاوید مہر کا کہنا ہے کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ شیر کے قریب نہ جائیں۔ کچھ لوگوں نے غیرقانونی طور پر گھروں میں شیر رکھے ہوئے ہیں، شیر کسی کا پالتو ہے یا غیرقانونی ہے، اس کی تحقیقات کررہے ہیں، شیر کے مالک کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے، تحقیقات کریں گے کہ شیر کے مالک کے پاس شیر رکھنے کا پرمٹ بھی ہے یا نہیں؟ وائلڈ لائف قوانین 2022 کے تحت رہائشی علاقوں میں شیر رکھنے کی ممانعت ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ شیر نے ایک شہری پر حملہ بھی کیا تاہم شہری محفوظ رہا۔ ڈپٹی میئر کا کہنا ہے کہ شیر کو پکڑ کر وائلڈ لائف کے حوالے کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ شیر کو وائلڈ لائف اہلکاروں نے پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا اور محکمہ وائلڈ لائف میں منتقل کردیا گیا ہے۔