حادثے کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے
لاہور(نیوز ڈیسک) تاریخی عمارت شاہی قلعہ کی دیوار گر گئی۔ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شاہی قلعہ میں بیسمنٹ میں کنسٹرکشن کے دوران دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔حادثے میں متعدد مزدور زخمی بھی ہو گئے۔زخمی مزدوروں کو نوازشریف اسپتال ایک مویہ پل لے کر جایا گیا ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت یاسین کے نام سے ہوئی ہے۔خیال رہے کہ جون2023ء کو صوبائی دارالحکومت لاہور کے تاریخی ورثہ شاہی قلعہ لاہور کا انتظامی کنٹرول والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا تھا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے شاہی قلعہ لاہور کا کنٹرول والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اس سے قبل شاہی قلعہ، شالیمار باغ، مقبرہ جہانگیر والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔
عدالت نے ان تاریخی عمارتوں کی حوالگی عدالتی فیصلے سے مشروط کر تے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔ ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے عرفان علی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے عرفان تارڑ ایڈووکیٹ پیشِ ہوئے ۔ درخواست میں نگران وزیر اعلی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا پنجاب میں آثار قدیمہ کا انتظامی کنٹرول ہے، نگران وزیر اعلی کو اختیارات انتظامی فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ، نگران وزیر اعلی نے شاہی قلعہ، شالیمار باغ، مقبرہ جہانگیر والڈ سٹی اتھارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا، آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اثاثے والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے کرنا غیر قانونی ہے ۔
استدعا ہے کہ عدالت نگران وزیر اعلی کا اثاثے والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔