موٹروے پرسفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹروے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) موٹروے پرسفر کرنے والوں کے لیے بری خبر ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹروے کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہرگاڑی سے فی کلومیٹر 3 روپے 7 پیسے وصول کرےگی، لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والی گاڑیوں کو11سو روپے ادا کرنا ہوں گے، مسافربسوں کو 10روپے 29 پیسےفی کلومیٹر کے حساب سے3 ہزار 690 روپے دینا ہوں گے، موٹروے پر سفرکرنے والی مسافر وین سے 2 ہزار 590 روپے وصول کیے جائیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ سامان کی ترسیل کےلیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہرٹرک سے 17روپے 22 پیسے فی کلومیٹر وصول کرے گی، ٹول ٹیکس میں اضافے کا نفاذ ہوگیا، اس حوالے سے کلیکشن بوتھ کے باہر بینرز بھی آویزں کردیئے گئے۔
ادھر حکومت نے لاہور، ساہیوال بہاولنگر موٹروے کی تعمیر کیلئے فنڈزکی منظوری دے دی، 295 کلو میٹر سڑک بہاولپور، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال اور لاہور کے درمیان بنے گی، قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس میں لاہور رنگ روڈ جنوبی کو 17 ارب 78 کروڑ روپے سے مکمل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلز سولر پر منتقل کرنے کے منصوبوں کو بھی منظور کیا گیا، ایکنک اجلاس میں خوازہ خیلہ سے بشام تک 48 کلو میٹر طویل شاہراہ کی تعمیر کی منظوری دی گئی، جس پر 79 ارب 13 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، اس دوران پاکستان ایجوکیشن منصوبے کو 14 ارب روپے مالیت سے مکمل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، پاکستان ایجوکیشن منصوبے کے تحت ملک بھر میں تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔