فیفا نے سپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر کو عارضی طور پر معطل کر دیا

میڈرڈ: (سپورٹس ڈیسک) خاتون کھلاڑی کا بوسہ لینے کے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے فیفا نے سپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر لوئیس روبیلز کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لوئیس روبیلز کو سپینش ویمن فٹبال ٹیم کی کھلاڑی کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کرنے کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے، سپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر نے عہدے سے استعفیٰ دینے سے انکار کیا تھا۔

خیال رہے کہ 20 اگست کو سڈنی میں کھیلے گئے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں سپین نے انگلینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا ویمنز ورلڈکپ جیتا تھا۔

میچ کے بعد تقریب تقسیم انعامات کے دوران ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے صدر خواتین کھلاڑیوں سے بغل گیر ہوتے دیکھے گئے، وہ جینی ہرموسو سے بھی بغل گیر ہوئے اور اس کے بعد ان کے ہونٹوں پر بوسہ دے ڈالا۔

بعدازاں جینی ہرموسو نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے لوئس روبیلز کے اس عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے صدر نے بھی اپنے اس عمل پر معافی مانگ لی تھی۔

اس کے باوجود فیفا نے ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے صدر کے خلاف خاتون کھلاڑی جینی ہرموسو کے ہونٹوں کا بوسہ لینے کے واقعے پر ڈسپلنری کیس کا آغاز کر دیا تھا۔