بٹگرام چئیرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

مقامی کیبل کراسنگز ماہرین کی آمد کے بعد شروع کیے گئے گراونڈ آپریشن کے دوران اندھیرا ہو جانے کے باوجود چئیر لفٹ ڈولی میں پھنسے تمام 8 افراد بحفاظت ریسکیو کر لیے گئے

بٹگرام (نیوز ڈیسک) بٹگرام چئیرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ تفصیلات کے خیبرپختونخواہ کے ضلع بٹگرام میں منگل کی صبح 7 بجے سے پھنس جانے والی چئیرلفٹ ڈولی میں موجود تمام افراد کو اب تقریباً 16 گھنٹوں بعد ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی کیبل کراسنگز ماہرین کی آمد کے بعد شروع کیے گئے گراونڈ آپریشن کے دوران اندھیرا ہو جانے کے باوجود چئیر لفٹ ڈولی میں پھنسے تمام 8 افراد بحفاظت ریسکیو کر لیے گئے۔

پاک فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے 2 بچوں کو ریسکیو کیے جانے کے بعد چئیرلفٹ ڈولی میں پھنسے باقی تمام افراد کو گراونڈ آپریشن کے دوران ریسکیو کیا گیا۔ فضائی آپریشن معطل ہونے کے بعد پاک فوج آپریشن کیلئے شمالی علاقہ جات سے لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ لے آئی تھی، چئیرلفٹ ڈولی میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ کی خدمات بھی بروئے کار لائی گئیں، متبادل طریقوں سے بھی ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا۔


بٹگرام ریسکیو آپریشن میں 2 بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت نکالنے کے بعد ہیلی کاپٹر آپریشن رات اور موسم کے باعث روک دیا گیا تھا جس کے بعد ایس ایس جی کمانڈوز نے گراؤنڈ سے ریسکیو آپریشن شروع کیا، اس کے ساتھ ایک چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر متاثرہ ڈولی کے پاس لے جایا گیا، چھوٹی ڈولی کے ذریعے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی گئی۔

یاد رہے 7 طالبعلم اور ایک مقامی شخص گورنمنٹ ہائی سکول بٹنگی جانے کیلئے چیئرلفٹ پر سوار ہوئے تھے، بٹگرام کی تحصیل الائی میں 600 فٹ کی بلندی پر چیئرلفٹ کا کیبل وائر ٹوٹ گیا تھا، چیئرلفٹ صبح پونے آٹھ بجے سے ایک تار کے ساتھ لٹکی ہوئی ہے، لفٹ میں سکول کے 7 بچوں سمیت 8 افراد سوار ہیں۔بتایا گیا ہے کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی ریسکیو آپریشن کی خود قیادت کررہے ہیں، ایس ایس جی کمانڈوز ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کرنے کی تین کوششیں کرچکے ہیں۔