بٹگرام: (نیوز ڈیسک) بٹگرام کے علاقے آلائی میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، سکول جانیوالے اساتذہ اور بچے کئی گھنٹے سے لفٹ میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے پاکستان آرمی نے فضائی آپریشن روک دیا، متبادل طریقوں سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سلنگ آپریشن کے ذریعے 2 بچوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے، باقی پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن اندھیرے اور موسم کے باعث منقطع کیا گیا ہے، اب ایک اور چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لایا جا رہا ہے جس سے ایک ایک کرکے تمام افراد کو ریسکیو کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے سکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ بلندی پر پھنس گئی۔
چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔
انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔
گلفراز کا کہنا تھا کہ لفٹ میں پھنسے ہمیں 5 گھنٹے ہو گئے، چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے اور ہسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔
لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچے کھائی کی وجہ سے نیٹ لگانا مشکل ہے: ڈی آئی جی
دوسری جانب ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کا کہنا ہےکہ ہم نے چیئرلفٹ ماہرکو بھی بھیجا ہے، لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچےکھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے۔
آپریشن انتہائی خطرناک ہے: حکام
حکام کا بتانا ہے کہ پاک آرمی کا ریسکیو ہیلی کاپٹربٹگرام پہنچ کر ایریا کی ریکی کررہا ہے، ریکی کے بعد بڑے محتاط انداز میں ریسکیو آپریشن کیا جائے گا، یہ ایک انتہائی خطرناک آپریشن ہے، غیرمتوازن ہونے اور ہیلی کاپٹر کے ہوائی پریشر سے لفٹ ٹوٹ سکتی ہے اس لیے انتہائی احتیاط سے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں علاقے میں موجود سکول کے ٹیچر ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ صبح 6 بجے طلبہ چیئر لفٹ کے ذریعے سکول آرہے تھے، چیئرلفٹ میں ایک بچہ ڈر کی وجہ سے بے ہوش ہو گیا ہے جسے بعدازاں ہوش آگیا، اس علاقے میں 150 بچے اس طرح لفٹ کے ذریعے سکول آتے ہیں۔
ظفر اقبال نے بتایا کہ چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا ہے، علاقے میں شانگلہ سے بھی ریسکیو ٹیم پہنچی ہے ،ہیلی کاپٹر چیئر لفٹ کے قریب جائزہ لے رہا ہے۔
ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز کے مطابق پوری کوشش ہے کہ لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کریں۔
دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ ہیلی کاپٹر سے پیدا ہوائی پریشر سے اکیلی بچ جانے والی تاربھی ٹوٹنے کا خدشہ ہے اس لیے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم کی حفاظتی معیار پر پورانہ اترنے والی چیئرلفٹس بند کرنے کی ہدایت
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خستہ حال، حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئر لفٹس فوری بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کے فوری ریسکیو کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیرِ اعظم کی جانب سے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ریسکیو اداروں کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ نے پہاڑی علاقوں میں موجود ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بٹگرام چیئرلفٹ واقعہ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے) نے بٹگرام چیئرلفٹ واقعہ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق علاقہ پاشتو میں چیئرلفٹ پھنسنے کا واقعہ صبح 8:30 بجے پیش آیا، چیئرلفٹ پہاڑوں کے بیچ برساتی نالہ جہانگیری خوڑ پرنصب ہے، جب کہ اس وقت اس لفٹ میں 8 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی تفصیلات کے مطابق پھنسے افراد میں ابرار، عرفان، گلفراز اور اسامہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ رضوان اللہ،عطااللہ، نیاز محمد اور شیرنواز بھی چیئرلفٹ میں پھنسے ہیں، چیئرلفٹ تقریباً 2 ہزار میٹر کی بلندی پر لگی ہے۔
شہباز شریف
سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کے ریسکیو آپریشن کی کامیابی کی دعا کی، انہوں نے قوم سے بھی دعا کی اپیل کی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ کئی گھنٹے کے اس انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن میں شریک پاک فوج کی تمام ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ کریم ریسکیو آپریشن کرنے والوں کو کامیاب اور پھنسے ہوئے تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ایسی تمام چیئر لفٹس کا فوری معائنہ کرایا جائے تاکہ اس طرح کا کوئی اور واقعہ نہ ہو۔