پہلا ون ڈے: پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دے دیا

ہمبنٹوٹا: (سپورٹس ڈیسک) پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 48 ویں اوور کی پہلی گیند پرہی 201 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، امام الحق 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں ہونیوالی پاک افغان ون ڈے سریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم میچ شروع ہوتے ہیں پاکستان کو زبردست جھٹکا لگا، فخر زمان نے ابھی 4 ہی گیندوں کا سامنا کیا تھا کہ 2 سکور بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند کا شکار ہوگئے۔

کپتان بابر اعظم کریز پر آئے تو وہ بھی زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور محض 3 گیندوں کا سامنا کر کے بغیر کوئی رنز بنائے ہی آؤٹ ہو گئے۔

کپتان بابر اعظم کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹیم کے مجموعی سکور میں تھوڑا اضافہ کیا تاہم وہ بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، محمد رضوان 22 گیندوں پر 21 رنز بنا کر چلتے بنے،شاداب خان نے 39 اور افتخار احمد نے 30 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن نے 4 جبکہ محمد نبی اور راشد خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں، فضل حق فاروقی اور رحمت شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔