فیفا ویمنز ورلڈ کپ : سپین پہلی بار عالمی چیمپئن بن گیا

سڈنی: ( سپورٹس ڈیسک) فیفا ویمنز ورلڈ کپ میں سپین کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیکر پہلی بار عالمی چیمپئن بن گئی۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونیوالے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں سپین نے انگلینڈ کو ایک صفر سے شکست دی، سپین کی جانب سے واحد گول اولگا کارمونا نے 29ویں منٹ میں کیا۔

واضح رہے کہ فیفا ویمز ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جبکہ سپین نے سوئیڈن کو شکست دیکر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔

قبل ازیں چار بار کی فاتح امریکی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں سوئیڈن کے ہاتھوں پینلٹی ککس پر ایونٹ سے آؤٹ ہوئی جبکہ سوئیڈن کی ٹیم کو سیمی فائنل میں سپین نے شکست دی۔


دو بار کی چیمپئن جرمنی اور میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے راؤنڈ میں جبکہ دوسری میزبان آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی تھیں ۔

دریں اثناءسوئیڈن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان آسٹریلیا کو شکست دیکرفیفا ورلڈ کپ فٹ بال میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

برسین میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں سوئیڈن نے آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کیا ، یورپی ٹیم نے یہ میچ 0-2 سے جیت کر برانز میڈل اپنے نام کیا ، سوئیڈش ویمنز کی جانب سے فریڈولینا اور اسلانی نے گول سکور کیے۔