طلبہ کا احتجاج کام کر گیا، کیمبرج اے لیول کے پرچے اکتوبر میں لینے پر تیار

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اے لیول کے طلبہ کا احتجاج رنگ لے آیا، کیمبرج 10 سے 12 مئی کے دوران ہونے والے پرچے اکتوبر میں دوبارہ لینے پر تیار ہو گیا۔

وزارت تعلیم میں کیمبرج امتحانات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں کیمبرج کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے بھی شرکت کی، اجلاس میں متعلقہ سکولوں کے سربراہان نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10، 11 اور 12 مئی کو ہونے والے پرچے اکتوبر میں دوبارہ لئے جائیں گے، کیمبرج دوبارہ امتحان کے انعقاد کیلئے کوئی فیس نہیں لے گا، بعض طلبہ امن و امان کی صورتحال کے باعث 10 سے 12 مئی تک پرچے نہیں دے سکے تھے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انفرادی کیسوں کی دوبارہ تشخیص کی جائے گی، سکول انفرادی کیسوں کی دوبارہ تشخیص کیلئے کیمبرج کو درخواستیں جمع کرائیں گے، انفرادی کیسوں کے 80 فیصد اخراجات سکول اور 20 فیصد والدین برداشت کریں گے۔

دوبارہ تشخیص کے نتیجے میں گریڈز تبدیل ہونے کی صورت میں پوری فیس واپس کی جائے گی، وزرات تعلیم کی جانب سے معاملے پر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے میٹنگز بھی کی جائیں گی۔