اقلیتوں کیخلاف عدم برداشت اور انتہاپسندی کی گنجائش نہیں، جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا، نوجوان ملک کی ترقی خوشحالی اور امن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خطاب
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہاپسندی کی گنجائش نہیں،جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام میں مختلف جامعات کے 370 سے زائد طلبا طالبات نے شرکت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک کی ترقی خوشحالی اور امن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، جڑانوالہ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہاپسندی کی گنجائش نہیں، تمام شہری بلاتفریق ، مذہب، جنس ذات ایک دوسرے کے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ نوجوان آدھے سچ جھوٹ اور غلط معلومات میں فرق کو سمجھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرن نیز کو سراہا۔