منفرد فیس،چچا کی ضمانت کیلئے بھتیجے نے وکیل کو پالتو مرغا دے دیا

کمسن بچہ وکیل کو مرغا دینے کے بعد روتا رہا،محسن عباس کو پولیس نے 9 مئی واقعات میں گرفتار کر رکھا ہے

لاہور (نیوز ڈیسک) چچا کی ضمانت کیلئے بھتیجے نے وکیل کو فیس میں پالتو مرغا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عام طور پر وکلاء کو معاوضے کے طو پر پیسے دینے کا رواج ہے۔ کسی واقعہ میں کسی ملزم نے ضمانت کرانی ہو تو وہ اپنے وکیل کو کیس لڑنے کیلئے پیسے بطورِ فیس دیتا ہے اور وکلاء بھی اپنی فیس پیسوں میں ہی وصول کرتے ہیں لیکن بعض اوقات ایسے واقعات بھی سامنے آتے ہیں جو عوامی دلچسپی کا مرکز بن جاتے ہیں۔
ایسا ہی منفرد اور دلچسپ واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں محنت کش کا بھتیجا فیس نہ ہونے پر وکیل کے پاس پالتو مرغا لے آیا۔ کمسن بچے ایان نے چچا محسن عباس کی ضمانت کیلئے وکیل کو بطورِ فیس میں پالتو مرغا دے دیا۔ بچہ وکیل کو مرغا دینے کے بعد روتا رہا،ایان کو چچا محسن عباس نے بیٹا بنا کر پالا۔
پتوکی سے تعلق رکھنے والے محسن عباس کو پولیس نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔

وکیل محمد پرویز اقبال نے ویڈیو بیان میں کہا کہ محسن عباس ہوٹل پر مزدوری کرتا ہے،پولیس نے 25 ہزار روپے مانگے۔ محسن عباس ایک ہفتہ پولیس حراست میں رہا پھر پیسے لیکر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ وکیل نے مزید بتایا کہ 6 ماہ کی سی ڈی آر میں محسن کی لوکیشن کبھی بھی لاہور کی نہیں آئی۔ وکیل محمد پرویز کا کہنا تھا کہ میں نے عدالت پیشی پر محسن کو بتایا کہ وہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ہے،محسن عباس کی درخواستِ ضمانت تیار کر لی ہے،جلد دائر کر دیں گے۔
بعد ازاں وکیل نے مرغا لینے سے انکار کرتے ہوئے کیس مفت لڑنے کا اعلان کر دیا۔


یاد رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 اور 10 مئی کو ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔ احتجاج کے دوران نجی،سرکاری اور عسکری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما پولیس کی حراست میں ہیں،کچھ روپوش اور کئی رہنما پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ چکے ہیں۔