بندروں کے دو گروپس میں لڑائی پانچ افراد کی جان لے گئی

لڑائی کے باعث عمارت کی بالکونی گرگئی،پانچوں افراددب کر ہلاک ہوئے،رپورٹ

نئی دہلی(نیوز ڈیسک) اترپردیش میں بندروں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے باعث بوسیدہ عمارت کی بالکونی گرگئی، زد میں آکر وہاں سے گزرنے والے 5 زائرین ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے متھرا ضلع میں بنکے بہاری مندر واقع ہے جہاں اکثر زائرین بھی آتے ہیں، بندروں کی لڑائی کے باعث وہاں موجود ایک پرانی عمارت کی بالکونی اچانک گر گئی، جس کی زد میں آکر 5 افراد ہلاک اور 6 شدید زخمی ہو گئے۔

بنکے بہاری مندر کے قریب وشنو شرما کی ایک پرانی خستہ حال عمارت موجود ہے، بالکونی میں بندروں کے دو گروپس آپس میں لڑ پڑے، اس دوران بوسیدہ بالکونی سڑک سے گزرنے والے عقیدت مندوں پر گر گئی۔بالکونی کے ملبے تلے دب کر پانچ زائرین موقع پر ہی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، چھ افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔واقعے کے اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی، پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کردیا۔