عمران خان کے خلاف ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں سائفر کی گمشدگی کا مقدمہ درج کر لیا گیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں سائفر کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ انسداد دہشتگردی ونگ میں تعینات ڈی آئی جی لیول کے افسران انکوائری کر رہے ہیں۔عمران خان نے انٹرویو کے دوران سائفر کی گمشدگی کا تذکرہ کیا تھا، یہ معاملہ اس وقت دوبارہ زور پکڑ گیا جب حال ہی میں امریکی جریدے انٹرسپٹ نے نو اگست کی اپنی اشاعت میں یہ دعوی کیا تھا کہ عمران خان نے جس سائفر کا تذکرہ کیا ہے، اس کی ایک کاپی ان کے پاس ہے۔
جس کے بعد کئی حلقوں میں یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کیا اس کی اشاعت کے بعد عمران خان سچے ثابت ہوئے ہیں؟ کیا ان پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ چل سکتا ہے اور کیا عمران کی حکومت کے خلاف واقعی کوئی سازش ہوئی؟۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ہہمارے لئے کسی غیرملکی اشارے پر حکومت بننے سے بہتر مرجانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سائفر گم ہوگیا ہے، اگر سائفر گم ہوگیا تھا تو پھر شائع کیسے ہوگیا؟سائفر گم کیسے ہوا، چھپ کیسے گیا؟ اس کی انکوائری ہونی چاہیے۔
وزیراعظم سائفر کی کاپی پڑھ سکتا ہے ساتھ نہیں لے جاسکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر ساتھ لے کر گئے جو بہت بڑا جرم ہے۔واضح رہے کہ عمران خان نے اقتدار سے نکلنے سے پہلے عوامی جلسوں میں یہ انکشاف کیا تھا کہ امریکہ نے ان کو اقتدار سے نکالنے کی ایک سازش تیار کی تھی۔بعد میں انہوں نے اس سازش کا الزام سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر بھی عائد کیا تھا۔اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے سابق سفیر شمشاد احمد خان کا کہنا ہے کہ سازش امریکہ نے نہیں کی تھی۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ‘جب امریکہ عمران خان سے ناراض ہوا، تو باجوہ، زرداری اور شریف فیملی نے امریکہ کے ڈر سے عمران خان کے خلاف سازش کی۔