اوپن یونیورسٹی نے بی ایس پروگرامز کے داخلوں کی تاریخ میں 30اگست تک توسیع کردی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے سمسٹر خزاں 2023ء کے فیس ٹو فیس پڑھائے جانے والے بی ایس پروگراموں کے داخلوں کی تاریخ میں 30اگست تک توسیع کی منظوری دے دی ۔ایف اے/ایف ایس سی بیسڈ چار سالہ بی ایس پروگرامز میں کیمسٹری، فزکس، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، شماریات، انوائرمنٹل سائنس، ایگرکلچرل ٹیکنالوجی اور انسٹرکشنل ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں جبکہ اڑھائی سالہ بی ایس سی بیسڈ بی ایس پروگرامز میں بائیوکیمسٹری، باٹنی، کیمسٹری، انوائرمنٹل سائنس، ریاضی، مائیکروبیالوجی، فزکس اور شماریات شامل ہیں۔

اِسی طرح دو سالہ اے ڈی ایس بیسڈ بی ایس پروگراموں میں کیمسٹری، انوائرمنٹل سائنسز، ریاضی، مائیکروبیالوجی، فزکس اور شماریات شامل ہیں۔ ان تمام پروگرامز میں داخلے کے لئے اب 30-اگست تک آن لائن اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین نقوی کے مطابق ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلے 15 اگست کو بند ہوچکے ہیں اور انٹری ٹیسٹ /انٹرویوز17تا 23 اگست شیڈول کے مطابق منعقد ہورہے ہیں۔میٹرک، ایف اے اور آئی کام کے داخلے 5ستمبر تک جاری رہیں گے۔ سمسٹر خزاں 2023ء کے دوسرے مرحلے کے داخلے یکم ستمبر سے شروع ہوں گے۔اس مرحلے میں پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگراموں میں ٹیچر ٹریننگ پروگرامز، بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)، بی ایس(او ڈی ایل )پروگرامز شامل ہوں گے۔