اسلام آباد: (سپورٹس ویب ڈیسک) بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے ٹکٹوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا جبکہ آئی پی ایل فائنل کی بدنظمی سے سبق سیکھتے ہوئے ٹکٹ مرحلہ وار فروخت ہوں گے۔
رواں برس کھیلی گئی آئی پی ایل کے فائنلز میں ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے کافی بدنظمی ہوئی تھی ،اس سے سبق سیکھتے ہوئے آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کیلئے نیا طریقہ اختیار کیا ہے۔
ٹکٹوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے، باقاعدہ فروخت 25 اگست سے شروع ہو گی، اس مرحلے میں بھی بھارت کے سوا دیگرمیچز کی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی، اس دوران شائقین دیگر ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کی ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
30 اگست کو بھارت کے میگا ایونٹ سے قبل شیڈول 2 وارم اپ میچز کی ٹکٹ بیچی جائیں گی، 31 اگست کو بھارت کے چنئی، دہلی اور پونے میں شیڈول مقابلوں کی ٹکٹ دستیاب ہوں گی۔
یکم ستمبر کو دھرم شالا، لکھنئو اور ممبئی کے میچز کی ٹکٹیں فروخت ہوں گی، 2 ستمبر کو بنگلور اور کولکتہ میں شیڈول بھارتی میچز کے ٹکٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔
پاکستان کے خلاف میچ سمیت احمد آباد میں بھارتی مقابلوں کی ٹکٹ 3 ستمبر کو حاصل کی جا سکیں گی، سیمی فائنلز اور فائنل کی ٹکٹ 15 ستمبر کو دستیاب ہوں گی۔
پہلے ہی یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ ایونٹ میں ڈیجیٹل ٹکٹ استعمال نہیں ہوں گی، آن لائن رجسٹریشن کے باوجود فزیکل ٹکٹ حاصل کرنا ہوں گی۔
ٹکٹوں کی فروخت خاصی تاخیر سے شروع ہو رہی ہے، شائقین خصوصاً میزبان کے پاکستان سے مقابلے کی ٹکٹس حاصل کرنے کیلئے بے چین ہیں، 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول اس میچ کے ٹکٹ چند منٹ میں ہی فروخت ہونا یقینی ہے۔