لندن: (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کےکپتان بین سٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی۔ بین سٹوکس نے رواں برس بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لی، انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا، ون ڈے سکواڈ میں بین سٹوکس بھی شامل ہیں جبکہ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر ہوں گے۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 ون ڈے میچز کی سیریز 8 ستمبر سے شروع ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بین سٹوکس نے گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ سارا فوکس اب ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ پر رکھنا چاہتے ہیں، اب رپورٹس ہیں کہ وہ ورلڈکپ کے لیے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کو تیار ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کی جانب سے پوچھے جانے پر سٹوکس اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے سکتے ہیں، سٹوکس ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں بین سٹوکس مڈل آرڈر میں بیٹنگ کر سکتے ہیں، وہ ریگولر بیٹر کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق گھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہونے کے لیے سٹوکس آئی پی ایل کا سیزن چھوڑ سکتے ہیں، بین سٹوکس کا آئی پی ایل میں 16 لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں منعقد ہوگا، انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔