اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) یوم آزادی پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو آئندہ 15 روز کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا تحفہ ملنے امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت میں 14 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے۔
حکومت پہلے ہی یکم اگست 2023 سے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 20 روپے کا اضافہ کرچکی ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرضوں کی شرائط نے حکومت کو مجبور کیا کہ وہ بڑھتی ہوئی اشیاء کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریفائنڈ مصنوعات کی قیمتیں 13 ڈالر فی بیرل اضافے سے 111 ڈالر فی بیرل اور پٹرول کی قیمت 7 ڈالر فی بیرل اضافے سے 97 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پٹرول پر 55 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر 50 روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے، ان کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ اگست میں افراط زر کو متاثر کرسکتا ہے۔