اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا،عدالت نے سابق وزیراعظم کی سزا معطلی کی درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کیخلاف اپیل کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے حکمنامہ جاری کیا۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا،جبکہ فریقین کو سزا کیخلاف اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے پر بھی نوٹس جاری کر دئیے۔ حکمنامے میں قرار دیا گیا کہ فریقین کو نوٹس جاری کئے جائیں اور کیس کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے۔ عمران خان کی اپیل ٹرائل کورٹ کے 5 اگست کے فیصلے کیخلاف ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف الیکشن کمیشن کی شکایت پر ٹرائل چلایا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست جلد مقرر کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی درخواست استدعا کر رکھی ہے۔ٹرائل کورٹ نے عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی فوری سزا معطلی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کیس کی سماعت کی۔ سردار لطیف کھوسہ ، سلمان اکرم راجہ و دیگر وکلاء روسٹرم پر موجود تھے۔ سردار لطیف کھوسہ نے عمران خان کے وکلاء کو ہراساں کرنے کی شکایت کر دی۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی آزادی اور سسٹم کی بحالی کے لیے قربانیاں دیں۔