راولپنڈی سے کراچی جانے والی ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی

رفتار کم ہونے کی وجہ سے تیز گام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، تمام مسافر محفوظ رہے

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی آنے والی ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔بوگیوں کو آپس میں جوڑنے والے کمپلنگ ٹوٹنے سے ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہوئی۔ٹرین کی رفتار کم تھی جس وجہ سے بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔ٹرین کو دوبارہ جوڑنے کے بعد کراچی کینٹ سٹیشن کی جانب سے روانہ کر دیا گیا۔
09 فروری 2023ء کو بھی پشاور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری میں دو حصوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔بتایا گیا کہ پشاور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں کوٹری سٹیشن کے قریب الگ ہو گئیں، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین تیز رفتاری کے سبب ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک پر جاتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ۔

مسافروں کو متاثر ہونے والی ایک بوگی سے اتار دیا گیا۔ حادثے کے سبب حیدرآباد سے کراچی کی آمدوروفت معطل ہو گئی تھئ، ٹرینوں کو حیدرآباد سٹیشن پر روکا گیا تھا۔خیال رہے کہ رواں ہفتے سندھ کے ضلع نواب شاہ میں مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ٹرینوں کی آمد و رفت کا ٹریک بند ہوگیا۔نواب شاہ میں دوڑ ریلوے اسٹیشن کے قریب اپ لائن پر مال گاڑی کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا ٹریک بلاک ہوگیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق حادثہ ریلوے کلومیٹر 322 کے مقام پر پیش آیا۔ریلوے حکام کے مطابق مال گاڑی کی دو ڈبے ٹریک سے اترے۔ حادثے کے بعد امداد ٹیمیں روانہ کردی گئیں، مال گاڑی پنجاب سے کراچی جارہی تھی۔واضح رہے کہ چند روز قبل نواب شاہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 10 بوگیاں پٹڑی سے اتریں اور 30 سے زائد مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔