نئی دہلی : (سپورٹس ویب ڈیسک ) پاکستان روایتی حریف بھارت کے خلاف ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پانچواں اور آخری میچ آج (بدھ) کھیلے گا۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت کے شہر چنائی میں جاری ہے، پاکستان نے چار میچوں میں صرف ایک کامیابی چین کے خلاف حاصل کی ہے۔
قومی ٹیم کو ملائیشیا کے خلاف ناکامی جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا کے خلاف اس کا میچ برابر رہا تھا۔
بھارت نے چار میں سے تین میچوں میں چین، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے خلاف فتح حاصل کی ہے، جبکہ جاپان سے میچ برابر کھیلا۔
پاکستانی ٹیم اپنا پانچواں اور آخری میچ بھارت کے خلاف کھیلے گی، اسی روز دوسرا میچ ملائیشیا اور جنوبی کوریا جبکہ تیسرا میچ جاپان اور چین کے مابین کھیلا جائے گا۔
تینوں میچز میئر رادھا کرشنن ہاکی سٹیڈیم، چنائی میں کھیلے جائیں گے، میگا ایونٹ میں آخری تین میچوں کے فیصلے کے بعد سیمی فائنلز 11 اگست کو کھیلے جائیں گے۔
جنوبی کوریا کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کیلئے کوشاں ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کو تین، تین بار ایشین چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
راؤنڈ رابن کے تحت کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم 5 میچ کھیلے گی اور چار ٹاپ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل مقابلے 11 اگست کو کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 12 اگست کو ہوگا۔