آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا،وزیراعظم نے علاقائی سالمیت کے تحفظ اور دہشتگردی کی لعنت سے مضبوطی کے ساتھ لڑنے کےلئے مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مادرِوطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی سالمیت کے تحفظ اور دہشتگردی کی لعنت سے مضبوطی کے ساتھ لڑنے کے لئے مسلح افواج کے کردار کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکر گزار ہوں۔
ہم نے شہدا کی قربانیوں کی دل سے قدر کرنی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہداء، غازی ہمارا فخر ہیں، ان کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ ہمارا امن، آزادی اس مٹی کے ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔ پاکستان کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والوں کے منہ سیاہ رہیں گے۔ وزیراعظم نے شہدا کے 70 خاندانوں، 30 جنگی زخمیوں میں چیک تقسیم کیے، شہدا کے وارڈز میں ان کی تعلیمی سرگرمیوں کے تحت لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ چند ماہ میں بے پناہ کاوشیں کی گئیں۔ملک اب مشکل ترین وقت سے نکل آیا ہے۔کل ہماری حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی، بہت جلد ہمارا ملک اپنے قدموں پر کھڑا ہو جائے گا۔پاکستان کی ترقی کا جامع پلان وجود میں آ چکا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 24 گھنٹے میں قومی اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کل قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کریں گے،جبکہ کل شام ارکان اسمبلی کا الوداعی فوٹو سیشن بھی ہو گا۔