اتحادیوں نے شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار دے دیا

پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کر دیا،شہباز شریف جیسے مناسب سمجھیں نگران وزیراعظم نامزد کر دیں،اتحادیوں کا مؤقف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اتحادیوں نے شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادیوں جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ختم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا،جبکہ شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔
اتحادیوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جیسے مناسب سمجھیں نگران وزیراعظم نامزد کر دیں۔ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی مںظوری بھی دے دی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نگران وزیراعظم کیلئے مختلف نام سامنے آئے۔ اب تک نگران وزیراعظم کیلئے جو نام سامنے آئے ہیں ان میں نہ صرف کاروباری شخصیت بلکہ سیاستدان بھی شامل ہیں جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔
نگران وزیراعظم کیلئے شاہد خاقان عباسی اور جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے کے نام زیر غور ہیں۔ فواد حسن فواد، جاوید ہاشمی، یعقوب ناصر اور میاں منشاء کا نام بھی زیر غور ہے۔ جبکہ حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے گزشتہ مشاورتی اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے پانچ ناموں پر اتفاق کیا گیا،تاہم اتحادی جماعتیں کسی ایک نام پر متفق نہیں ہو سکی تھیں۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی،ن لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں نے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ بلوچستان عوامی پارٹی اور ق لیگ کے رہنما بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اتحادیوں نے اسمبلی کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر مشاورت کی،جبکہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں حکمران جماعت کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے 5 نام تجویز کئے گئے،اجلاس میں ٹیکنو کریٹس،بیوروکریٹس اور سینئر سیاستدانوں کے ناموں پر غور کیا گیا۔