چیئرمین پی ٹی آئی سے بدعنوانی اسکینڈل کی تحقیقات کی جائیں گے، انہیں آج بھی طلب کیا گیا تھا مگر پیش نہیں ہوئے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیب راولپنڈی نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل طلب کرلیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو آج بھی طلب کیا گیا تھا مگر پیش نہ ہوئے، اب کل بروز ہفتہ کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی پر 190 ملین پاؤنڈ اسیکنڈل میں بدعنوانی کا الزام ہے، اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے نیب راولپنڈی نے کل ہفتہ کو طلب کر لیا ہے۔
اسی طرح اسلام آباد پولیس نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو کل دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ سابق وزیراعظم کو مختلف مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کیلیے نوٹس جاری کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر تھانہ ترنول، تھانہ کراچی کمپنی، تھانہ کوہسار میں مختلف مقدمات درج ہیں، جس پر پولیس نے انہیں کل شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق احتساب عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل نیب تحقیقات میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں (کل)ہفتہ تک توسیع دیدی ۔
جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، تحریری فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جاری کیا۔ توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم کردیا گیا۔
ٹرائل کورٹ درخواست پر دوبارہ سن کر فیصلہ کرے۔ ٹرائل کورٹ درخواست پر فیصلے کرتے وقت پٹیشن میں اٹھائے گئے نکات کا بھی جواب دے۔ پٹیشنر کے وکیل کے مطابق کیس حتمی دلائل کیلئے مقرر ہے، درخواستگزار یقینی بنائیں کہ ٹرائل کورٹ جب بھی حتمی دلائل طلب کرے وہ دلائل دیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس کسی اور عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔
اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں صرف ٹھوس وجوہات اور شواہد پر کیس ٹرانسفر کیا جائے۔ جج کو سوشل میڈیا پر مبینہ پوسٹوں کے الزام پر کیس سے الگ ہونے کا کہا گیا۔ جج پر تعصب کے الزام پر کیس ٹرانسفر کرنے کی درخواست دی گئی جو ٹرائل کورٹ نے مسترد کی۔ جج ہمایوں دلاور نے خود سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹ سے انکار کیا۔ مزید برآں حق دفاع ختم کرنے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فریقین سے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے ٹرائل کورٹ کے جج کی فیس بک پوسٹ سے متعلق ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ توشہ خانہ ٹرائل رکوانے کی درخواست پر عمران خان کو ریلیف نہ ملا،عدالت نے ٹرائل سے متعلق حکم امتناع کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوط کیا تھا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی۔
سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان نے کیس منتقلی کی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک ٹرائل کورٹ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔