عالمی مقابلوں میں صومالین کھلاڑی کی سست رفتار دوڑ، ایتھلیٹکس فیڈریشن کی سربراہ عہدے سے فارغ

بیجنگ : (سپورٹس ڈیسک) چین میں دوڑ کے بین الاقوامی مقابلوں میں صومالین کھلاڑی کی کچھوے کی رفتار سے دوڑنے والی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فیڈریشن کی سربراہ کو عہدے سے فارغ کردیا گیا۔

صومالیہ سے تعلق رکھنے وال ناصرہ ابوکار نے 11 سیکنڈ میں ختم ہونے والی 100 میٹر ریس دُگنے وقت میں ختم کی ، کھلاڑی کی سلیکشن پر سخت تنقید کے بعد صومالین حکومت نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کی سربراہ کو عہدے سے فارغ کر دیا۔

ناصرہ ابوکار نے چین میں ہونے والے ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں 100 میٹر کی ریس ، 21 اعشاریہ 8 سیکنڈ میں پوری کی جبکہ باقی کھلاڑی گیارہ سے 12 سیکنڈ میں ہی فنشنگ لائن تک پہنچ چکے تھے۔

کھلاڑی کی خراب کارکردگی پر سخت تنقید کے بعد صومالی حکومت نے اختیارات کے غلط استعمال اور ملک کا نام بدنام کرنے پر صومالی ایتھلیٹکس فیڈریشن کی سربراہ خدیجو عدن داہر کو عہدے سے ہٹا دیا۔