سمن آباد انڈر پاس منصوبہ مکمل، ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

لاہور: (نیوز ڈیسک) سمن آباد انڈر پاس منصوبہ مکمل ہو گیا جسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، انڈر پاس پراجیکٹ پر 2 ارب سے زائد لاگت آئی، انڈرپاس 440 میٹر طویل اور 2 لین پر مشتمل ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ سمن آباد انڈر پاس کی تکمیل میں بڑا چیلنج قیمتی درختوں کو بچانا اور سیوریج لائن کی منتقلی تھی، مسلسل فالو اَپ کی وجہ سے کنٹریکٹ میں وضع کردہ ڈیڈ لائن 30 ستمبر سے دو ماہ قبل اس منصوبے کو مکمل کر لیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا سمن آباد انڈرپاس سے روزانہ تقریباً 2 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی، ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سمن آباد انڈر پاس کی تعمیر کے دوران ملتان روڈ کو ایک دن بھی ٹریفک کے لیے بند نہیں کیا گیا، انڈرپاس کے ڈیزائن میں تبدیلی کر کے 78 قیمتی درختوں کو بچایا گیا اور گرین بیلٹ پر 300 نئے پلانٹ لگائے گئے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا شدید بارشوں اور چیلنجز کے باوجود انڈر پاس کی تکمیل پر ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے، انڈرپاس کی تکمیل سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، یتیم خانہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگ مستفید ہونگے۔

صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔