اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اسلام آباد اور کراچی میں بھی بارش نے رنگ جما دیا۔
لاہور کے علاقے انار کلی، موچی گیٹ، بانساں والا بازار، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، قلعہ گجر سنگھ، مال روڈ ، اپر مال، اسلام پورہ، بند روڈ، سمن آباد، چوبرجی، نشتر ٹاؤن، جیل روڈ پر شدید بارش ہوئی۔
تاجپورہ، چوک ناخدا، اقبال ٹاؤن، جوہرٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
ادھر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ایم ڈی واسا محمد تنویر کے مطابق واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے، عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات ہے، محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں پر ڈی واٹرنگ سیٹ اور سکر مشینیں پہنچا دی گئی ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں صبح سویرے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
گرومندر، لسبیلہ، گارڈن، جمشید روڈ، نیو ٹاؤن، جیل چورنگی، ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں مون سون سسٹم کا دوسرا اسپیل ختم ہوچکا ہے اس لئے تاہم اب تیز بارش کا کوئی امکان موجود نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 6 سے 10 روز کے دوران مون سون سسٹم سندھ پراثرانداز ہوتا دکھائی نہیں دیتا جس کے باعث صرف ہلکی بارش کا امکان ہے۔