سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی،ٹرائل کورٹ کے معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے،عدالت
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے توشہ خانہ سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی استدعا مسترد کر دی ہے،عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔ عدالت عظمٰی نے قرار دیا کہ امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ چیئرمین پی ٹی آئی کی دیگر درخواستوں کے ساتھ یہ کیس بھی سنے گی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ کے معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی،عدالت نے کیس دونوں فریقین کی رضا مندی سے نمٹا دیا۔ قبل ازیں سپریم کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کے قابل سماعت ہونے کے معاملے پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ اس کیس میں شکایت کنندہ کون ہے؟۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے قرار دیا کہ مناسب ہو گا فریقن کو بھی بلا لیں،سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیا اور کیس کی سماعت ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کی فوجداری کاروائی کی درخواست قابل سماعت ہونے کے خلاف عمران خان کی درخواست ٹرائل کورٹ کو واپس بھیجنے اور سات روز کے اندر فیصلہ کرنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس چلانے کیخلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ جاری کیا۔جس کے تحت عدالت نے ٹرائل کورٹ میں عمران خان کے خلاف عائد فرد جرم کو کالعدم قرار دیا،ہائیکورٹ نے معاملہ ماتحت عدالت کو واپس بھیجتے ہوئے 7 دن میں فیصلے کا حکم دیا تھا۔