مون سون کا اگلا سلسلہ 31 جولائی سے شروع ہوکر 6 اگست تک رہے گا، لاہور کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شدید بارشیں متوقع، مون سون کے نئے اسپیل سے متعلق الرٹ جاری، مون سون کا اگلا سلسلہ 31 جولائی سے شروع ہوکر 6 اگست تک رہے گا، لاہور کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جلد ہی مون سون کے ایک اور شدید اسپیل کے آغاز کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ مون سون کا اگلا سلسلہ 31 جولائی سے شروع ہوکر 6 اگست تک رہے گا جس کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
پیر کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں ہوئے اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات پاکستان،فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، مسلح افواج اور پی سی آئی ڈبلیو کے نمائند گان نے بھی شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات پاکستان نے بتایا کہ مون سون کے اگلے سلسلے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں 31 جولائی سے 6 اگست تک شدید بارشیں متوقع ہیں، جس سے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
انہوں نے تربیلا اور منگلا سمیت بڑے آبی ذخائر کے بارے میں بتایا جو بالترتیب 79 فیصد اور 74 فیصد کے قریب بھر چکے ہیں، دو بھارتی ڈیم پونگ اور تھین بھی تقریباً بھر چکے ہیں، بھارت سے پانی آنے کی صورت میں دریائے راوی میں سیلاب اور لاہور کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب 2022 ء کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے خطرے سے دوچار علاقوں میں وسائل کی بر وقت فراہمی کے لیے پلان تیار کریں، ارلی وارننگ سسٹم کو فعال انداز میں استعمال کرتے ہوئے آفات کے خطرات کے تدارک کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام میڈیا چینلز، سوشل میڈیا پر عوامی آگاہی کے حوالے سے اقدامات کریں تاکہ مون سون کے ممکنہ خطرات کے بارے میں عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات پہنچائی جا سکیں۔