ہمارے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے 9 مئی کی آڑ لی گئی

ویسے ہی پھر ماحول خراب کرنے کا مسئلہ پیدا کرکے مزید مقدمات میں ملوث کرنے کوشش ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹویٹ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے 9 مئی کی آڑ لی گئی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جیسے ہمارے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے 9 مئی کی آڑ لی گئی بالکل ویسے ہی میرے خیال میں مجھے اور تحریک انصاف کو مزید مقدمات میں ملوث کرنے کیلئے مسٹر ڈینٹونِک اور مایوسی سے بدحواس اس کے ساتھی مجرموں نے آج (سوچے سمجھے منصوبے کے تحت) ایک مرتبہ پھر ماحول خراب کرنے اور امنِ عامہ کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی۔


دوسری جانب وکیل قتل کیس میں عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ سپریم کورٹ میں وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نامزدگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کو 9 اگست تک ریلیف دے دیا۔

سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا،عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان 9 اگست کو دوبارہ پیش ہوں۔ کیس کی سماعت شکایت کنندہ کی درخواست پر 9 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔ دوسری جانب وکیل قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کی درخواست دینے پر وکیل کو دھمکیاں دی گئیں،تحقیقات کے دوران وزرات داخلہ کی جانب سے 7 رکنی جے آئی ٹی بنائی گئی۔
جے آئی ٹی کے اب تک 8 اجلاس ہو چکے ہیں،جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس میں ملزمان کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 19 جولائی کو عمران خان کو طلبی کے نوٹسز بھیجے گئے،چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 7 ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مقتول کی اہلیہ اور 2 بھائیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جا چکے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ متعدد نوٹسز کے باوجود عمران خان شامل تفتیش نہیں ہوئے،وکیل عبدالرزاق قتل کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے وکیل قتل کیس میں عمران خان کو آج طلب کر رکھا تھا،سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا،اس حوالے سے عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ چیرمین پی ٹی آئی پیر کی صبح ساڑھے دس بجے سپریم کورٹ میں پیش ہوں۔