اسحاق ڈار کو نگران سیٹ اپ میں دو اہم عہدے دئیے جانے کی تیاری

اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم کے ساتھ نگران وزیر خزانہ بھی بنانے جانے کا امکان،وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نگران سیٹ اپ میں وزارت خزانہ امور کی نگرانی کے لیے پلان بھی بنا لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران سیٹ اپ میں دو اہم عہدے دئیے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم کے ساتھ نگران وزیر خزانہ بھی بنانے جانے کا امکان ہے۔نگران سیٹ اپ میں اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ امور کی نگرانی بھی سونپنے کی تیاری کی جا رہی ہے جس کے لیے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نگران سیٹ اپ میں وزارت خزانہ امور کی نگرانی کے لیے پلان بنا لیا۔
پلان کے تحت چین ، سعودی عرب ، یو اے ای، آئی ایم ایف سے اسحاق ڈار مسلسل رابطے میں رہیں گے۔آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کے لیے اسحاق ڈار نے نگران سیٹ اپ میں عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی۔نگران سیٹ اپ کے دورا بیرونی ادائیگیوں کو بھی بروقت ادا کیا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگران سیٹ اپ میں وزارت خزانہ امور موجودہ پالیسی پر چلانے کے لیے دوست ممالک کو یقین دہانی کرا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ن لیگ اور پی پی میں نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ حکومتی کمیٹی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے نام پر باقی سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے رہی ہے۔ ادھر سینئر لیگی رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے نام پرتمام جماعتیں متفق ہوئیں تو وہ نگران وزیراعظم ہونگے۔
انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے جو بھی ہوں گے کابینہ اور اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، کون ان ہے کون آؤٹ ہے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ وفاقی وزیر کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ تین سال کے پروگرام کا معاہدہ کرنا پڑے گا، ہمیں مستحکم حکومت کی ضرورت ہے جس کے پاس 5 سال کامینڈیٹ ہو، میری ذاتی رائے ہے کہ مختصرسےمختصر وقت میں ہم الیکشن سےگزر جائیں، ہمیں جلدی الیکشن کرواکر مستحکم حکومت چاہیے تاکہ اصلاحات لاکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔