سکیورٹی اداروں نے انجو کی نصراللہ کے ساتھ فیس بک پر ہونے والی دوستی کے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں
دیر بالا (نیوز ڈیسک) فیس بک پر دوستی ہونے کے بعد بھارتی لڑکی پاکستان پہنچ گئی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ لڑکی انجو کی 29 سالہ نصراللہ سے دوستی ہوئی، جس کے بعد وہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا پہنچ گئی، جس کے لیے اس نے تمام درکار سفری دستاویزات حاصل کیں اور وزٹ ویزہ پر اپنے دوست سے ملنے پاکستان آ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے انجو کی نصراللہ کے ساتھ فیس بک پر ہونے والی دوستی کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، بھارتی لڑکی اس وقت پاکستانی لڑکے کے گھر پر موجود ہے، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان کی شادی ہوئی ہے یا نہیں۔
اس سے پہلے حال ہی میں ایک پاکستانی خاتون سیما حیدر موبائل گیم پب جی کھیلتے کھیلتے بھارتی نوجوان سچن سنگھ کی محبت میں 4 بچوں کے ساتھ بھارت پہنچ چکی ہے، فرانسیسی خبررساں ادارے سے بات چیت میں سیما نے سچن کے دو کمروں پر مشتمل خاندانی گھر کے تنگ صحن میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم دوست بنے اور ہماری دوستی محبت میں بدل گئی اور ہماری بات چیت ہر صبح اور رات طویل ہوتی چلی گئی، آخر کار ہم نے ملنے کا فیصلہ کیا۔
سیما نے کہا کہ میں سب سے پہلے سچن کی گیمنگ کی مہارت سے متاثر ہوئی، تین سال بعد ہم مارچ میں نیپال میں ذاتی طور پر ملے اور میں پہلی ہی ملاقات کے بعد اپنے بدسلوکی کرنے والے پاکستانی شوہر کو چھوڑنے کیلئے تیار ہوگئی، میں واپس جانے یا سچن کو چھوڑنے کے بجائے مرجانا پسند کروں گی، مذہب چھوڑنے پر مجھے پہلے ہی آن لائن دھمکیاں مل چکی ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ رہیں گے یا مرجائیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ 22 سالہ سچن مینا ایک غیر شادی شدہ ہندوستانی شاپ کیپنگ اسسٹنٹ اور ہندو ہیں، جن کی سیما سے دوستی اور پھرمحبت کی کہانی 2020ء میں عالمی وباء کورونا کے دوران آن لائن شوٹنگ گیم کھیلتے ہوئے شروع ہوئی۔