کولمبو : (سپورٹس ویب ڈیسک ) پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث کا کہنا ہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دینا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان شاہینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی ہے جبکہ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اے نے بھی بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
کولمبو میں کھیلے جانیوالے ایمرجنگ ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سیمی فائنل میں فتح کے بعد پوسٹ میچ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حارث کا کہنا تھا کہ ساری ٹیمیں یہاں فتح کے لئے آئی ہیں لیکن ہماری ٹیم کی نظریں فائنل میں بھارت کو شکست دینے پر مرکوز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹورنامنٹ کے دفاعی چیمئپن ہیں تاہم وہ ماضی کا حصہ ہے، ہماری توجہ فائنل پر ہے جس کیلئے ہم تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل میچ پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے درمیان 23 جولائی کو کھیلا جائے گا۔