حمزہ خان نے ملائیشیا کے یوآخم چوہ کو 11-8، 9-11، 11-7، 12-10 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنالی
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے حمزہ خان نے جمعے کو میلبورن میں ہونے والی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ حمزہ خان نے ملائیشیا کے یوآخم چوہ کو 11-8، 9-11، 11-7، 12-10 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنالی۔ قبل ازیں، حمزہ جمعرات کو پری کوارٹر فائنل میں کولمبیا کے سانتاماریا کو قریبی مقابلے میں 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔
دریں اثنا، راؤنڈ آف 16 میں، حمزہ نے بدھ کو نیدرلینڈز کے سیموئل گریٹس کو 12-10، 11-6، 11-3 اور 11-7 سے شکست دی۔ دوسری جانب پاکستان کے حذیفہ خان امریکا کے رشی سریواستو سے ہار گئے اور فائنل ریس سے باہر ہوگئے۔ حذیفہ اور رشی کے درمیان کیل کاٹنے کا مقابلہ پانچ سیٹ تک جاری رہا۔
اگر چہ امریکن نے پہلے دو سیٹ 11-9 اور 11-8 سے جیتے اور تمام پاکستانیوں کی طرف دیکھ رہے تھے لیکن حذیفہ نے مقابلہ کیا اور بہادری سے کھیلتے ہوئے لگاتار دو سیٹ 11-8 اور 11-8 سے جیتے۔
تاہم، آخری سیٹ میں، رشی نے حذیفہ کو 11-9 سے مات دی اور پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ تین پاکستانی کھلاڑیوں حمزہ خان، معین الدین اور حذیفہ ابراہیم خان کو چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بھیجا گیا تھا۔ واضح رہے کہ حمزہ گزشتہ سال ورلڈ جونیئرز کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے جہاں انہیں انگلینڈ کے فنلے وِنگٹن سے شکست ہوئی تھی جبکہ حذیفہ جونیئر کیٹیگری میں سابق ایشین نمبر ایک ہیں۔