ویمنز ورلڈکپ، مراکشی کھلاڑی نوحیلہ بینزینا حجاب میں کھیلنے والی پہلی فٹبالر ہوں گی

25 سالہ نوحیلہ بینزینا مراکشی رائل آرمی فٹبال کلب کی بھی نمائندگی کرچکی، بینزینا نے 2018ء میں قومی ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) ویمنز فٹبال ورلڈکپ 2023ء میں مراکشی کھلاڑی نوحیلہ بینزینا کو حجاب میں کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا کی جانب سے یہ اجازت ملنے کے بعد 25 سالہ نوحیلہ بینزینا پہلی حجابی مسلم فٹبالر بننے کا اعزاز اپنے نام کریں گی۔ فیفا کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ہے کہ مراکشی اسٹار حجاب پہن کر ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی پہلی کھلاڑی ہوں گی‘۔


نوحیلہ بینزینا اس سے قبل ڈومیسٹک مقابلوں میں مراکشی رائل آرمی فٹبال کلب کی بھی نمائندگی کرچکی ہیں جب کہ 2018ء میں انہوں نے قومی ٹیم کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلا تھا۔ اس سے قبل قبل ازیں گزشتہ روز فلسطین سے تعلق رکھنے والی ہیبا سعدیہ نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پہلی حجابی ریفری ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ مراکشی ویمنز ٹیم کو ویمن فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ ایچ میں رکھا گیا ہے جس میں اس کے ساتھ جرمنی، کولمبیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شامل ہیں۔