پی آئی اے طیارے کی لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے مسافر کو دل کا دورہ پڑ گیا

دبئی سے اسلام آباد آنے والا 34 سالہ مسافر دورانِ پرواز دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دبئی سے اسلام آباد آنے والا مسافر دوران پرواز دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ،ملک جہانزیب نامی مسافر پاکستان ائیر لائنز کی پرواز پی کے 212 ذریعے دبئی سے اسلام آباد آرہا تھا ،لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے مسافر کو دل کا دورہ پڑا ،کپتان نے فوری طور پر اے ٹی سی کو اطلاع دی ،جہاز لینڈ ہوتے ہی سی اے اے کے ڈاکٹر نے مسافر کا طبی معائنہ کرکے اس کی موت کی تصدیق کی۔
سی اے اے حکام کے مطابق 34سالہ مسافر کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا نعش اہلیہ کے حوالے کردی گئی – 26 جون2020ء کو بھی پی آئی اے کے جہاز میں دوران پرواز مسافر جاں بحق ہو گیا تھا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 9714 مدینہ سے لاہور آ رہی تھی جس میں مسافر دلشاد حسین بھی سفر کر رہا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ مسافر دلشادحسین پی آئی اے کی پرواز پی کے 9714 پر سفر کر رہا تھا کہ کہ دوران پرواز طبیعت خراب ہونے پر جان کی بازی ہار گیا، تا ہم مسافر کے جاں بحق ہونے کی وجہ طبیعت خراب ہونا ہی بتائی گئی ۔

اسی طرح 5مارچ 2018ء کو مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مدینہ منورہ سے حیدر آباد جانے والی سعودی ایئر لائن کی ہندوستانی مسافر دوران پرواز جاں بحق ہوگئی ۔ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس جارہی تھی۔ ذرائع کے مطابق متوفیہ کی عمر65 سال تھی۔ دوران پرواز اس کی حالت بگڑ گئی تو جہاز عملے نے مسقط میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ ریاض میں ہندوستانی سفارتخانے کے ذرائع نے کہا ہے کہ جہاز عملے نے متوفیہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکی۔ متوفیہ کا نام شریفہ بیگم بتایا گیا تھا۔ مسقط میں ہندوستانی سفارتخانہ نے میت وصول کرلی تھی۔